مرکزی ایوان صحافت کی کابینہ کے اجلاس میں نومبر کے پہلے عشرے میں ادارہ کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

اتوار 16 اکتوبر 2016 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء) مرکزی ایوان صحافت کی کابینہ کے اجلاس میں نومبر کے پہلے عشرے میں ادارہ کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں مجوزہ آئینی مسودہ ممبران جنرل کونسل کو پیش کیا جائیگا اورتحریری تجاویز لی جائیں گی ۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں موجودہ کابینہ اپنے 2سالہ عرصہ کے جملہ مالی امور پیش کریگی اور آمدن و اخراجات سے ممبران جنرل کونسل کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائیگا۔

اجلاس میں پریس کلب کے سیکرٹری جنرل کے خالی ہونے والے عہدے پر ادارہ کے آئین کے مطابق مقررہ آئینی مدت میں الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی ایوان صحافت کی انتظامیہ کا اجلاس صدر سہیل مغل کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینئر نائب صدر عبدالحکیم کشمیری ٬ نائب صدر ایم ڈی مغل ٬ قائمقام سیکرٹری جنرل بشارت مغل ٬ جائنٹ سیکرٹری نصیر اعوان ٬ سیکرٹری مالیات سید اشفاق شاہ ٬ سیکرٹری اطلاعات سید محمود علی گیلانی نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مرکزی ایوان صحافت کی انتظامیہ مجوزہ ترمیمی آئینی مسودے کو فائنل کرکے 30اکتوبر سے قبل پیش کریگی۔ انتظامیہ کی طرف سے متفقہ طور پر فائنل ہونے والے ترمیمی آئینی مسودہ کو ممران جنرل کونسل کو پیش کیا جائیگا۔ جس پر ممبران جنرل کونسل تحریری تجاویز دینگے اور جنرل کونسل کے اجلاس میں آئین میں ترامیم اور ادارہ کی آمدن و اخراجات کا حساب پیش کیا جائیگا۔ اجلاس میں ادارہ کے سابق سیکرٹری جنرل راجہ وسیم کی بحیثیت پریس سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم تعیناتی کا خیر مقدم کیا گیا اور ادارہ کے لئے راجہ وسیم کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا۔