کراچی سمیت اندرون سندھ میں بھارتی اور مقامی گٹکے٬مین پوری کا کاروبار ٬پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کا سلسلہ جاری٬ پابندی پر عملدرآمد نہ ہوسکا

پیر 24 اکتوبر 2016 16:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) کراچی سمیت اندرون سندھ میں بھارتی اور مقامی گٹکے٬مین پوری کا کاروبار اور پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کا سلسلہ جاری ہے اورحکومت سندھ کی جانب سے سندھ میں پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرنے وشیشہ٬گٹکا اور مین پوری پر عائد پابندی پر عمل درآمد کرانے کے فیصلہ پر تاحال عمل درآمد شروع نہیں ہوسکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 30ستمبر کوکراچی میں وزیراعلی سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبہ بھر میں پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ شیشہ٬گٹکا اور مین پری پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا٬جس کاعوامی حلقوں نے بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا تھاتاہم سندھ کابینہ کے فیصلے تاحال کاغذات میں ہی پھنسے ہوئے ہیں اور کسی ایک فیصلے پر عمل دیکھنے میں نہیں آرہا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق سندھ کا چوتھا بڑا شہر میرپور خاص اسمگلنگ شدہ بھارتی گٹکے اور مین پوری کی ایک بڑی مارکیٹ بنا ہوا ہے۔ میرپورخاص شہر کے علاوہ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں پان کی کیبنوں٬ پرچون کی دکانوں اور دیگر مقا مات پر مختلف ناموں سے گٹکا٬مین پوری ٬21 سو٬پان پراگ وغیرہ کھلے عام دستیاب ہے۔ تعلیمی ادارے بھی اس سے محفوظ نہیں رہے ہیں جبکہ سرکاری و غیر سر کاری دفاتراورپبلک مقامات پر کھلے عام سگریٹ نوشی جاری ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق پولیس میں موجود کالی بھیڑیں منشیات ٬گٹکے اور میں پری کے کاروبار کی سربرستی کررہی ہیں اوروہ پولیس کی بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :