ْنام نہاد حکمرانوں نے کشمیر میں ظلم و تشدداور بربریت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں٬ نعیم خان

پیر 24 اکتوبر 2016 18:01

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمین کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے سرکاری ملازمین لیڈروں کی گرفتاریوں اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی کی معطلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ نام نہاد حکمرانوں نے ڈکٹیٹرشپ٬ظلم اور بربریت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبر دار کیاکہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ کر ظالمانہ طرز عمل ترک کرے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی12ملازموں کی برطرفی اور اب ایجیک صدر کی معطلی سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ ظالم حکمران نئی دہلی اور ناگپور میں بیٹھے اپنے آقائوں کو خوش کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ سے کہاکہ وہ ماضی میں بھی ظلم و تشدد اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اب بھی وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوںگے۔نعیم احمدخان کہا کہ ملازمین یہاں کے سماج اور جد وجہد آزادی کا اہم حصہ ہیں اس لئے اُن کے خلاف کوئی بھی کارروائی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ظلم٬بربریت٬ڈکٹیٹرشپ اورتانا شاہی کے ذریعے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کیاجاسکتا۔حریت رہنماء نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام کشمیری نظربندوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ قید وبند٬بے بنیاد مقدمات ٬ظلم و تشدد ٬ پیلٹ اورآنسو گیس کی شیلنگ جیسے ظالمانہ اقدامات سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ ہتھکنڈے نہ تنازع کشمیر کی تاریخی حیثیت کو متاثر کرسکتے ہیں اور نہ کشمیری عوام سے اُن کا جذبہ چھین سکتے ہیں۔