محمد یاسین ملک کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر آغا حسن کااظہار تشویش

پیر 24 اکتوبر 2016 18:01

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور جموںوکشمیرانجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی کی وجہ سے بھی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت حریت قیادت کو راستے سے ہٹانے کی ایک مذموم پالیسی پر گامزن ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف پر امن مظاہرین کا قتل عام جاری ہے اور دوسری طرف حریت قیادت کو جیلوں اور گھروں میں مسلسل نظر بند رکھ کر انکی زندگیوں سے کھلواڑ کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے محمد یاسین ملک کی حالت زار پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیںکوئی گزند پہنچی تو اس کی تمام تر ذمہ داریاں کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہوںگی٬ جو انہیں نیم مردہ حالت میں بھی پابند سلاسل رکھے ہوئے ہیں۔ آغاسید حسن نے کہا کہ انتظامیہ کی اس انتقامی پالیسی کے تناظر میں محبوس اور خانہ نظر بند علیل قائدین کی صحت و سلامتی کے حوالے سے زبردست خدشات لاحق ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال میںان قائدین کو مظلوم قوم کی دعائوں کی اشد ضرورت ہے۔