عالمی برادری مسئلہ کشمیرکو حل کیوں نہیںکیا جارہا‘ سعید کشمیری

اتوار 30 اکتوبر 2016 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء)تمام کشمیری بھائیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر بہت جلد آزاد ی کی منزل حاصل کرینگے۔ہم نے کشمیریوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے عالمی سطح پر تحریک شروع کررکھی ہے۔ہمارا تمام کشمیریوں بھائیوں کو پیغام ہے کہ وہ اپنی سیاسی ‘سماجی وابستگیاں قائم رکھتے ہوئے تحریک ’’ ایک ہو جائو کشمیر بچائو ‘‘ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں ۔

اب تحریک آزادی نے ایک نیا موڑ لیا ہے اگر ہم نے اتحاد کا مظاہرہ نہ کیا تو آزادی کی منزل کا حصول مشکل ہو گا۔ اپ آزادی کی منزل قریب تر ہے۔ اس لئے تما م کشمیر ی ایک پلیٹ فارم پر آجائیں۔ ان خیالا ت کااظہار جموں وکشمیر تحریک ’’ ایک ہو جائو کشمیر بچائو ‘‘ کے چیئرمین محمد سعید کشمیر ی نے گزشتہ روز بحرین سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

محمد سعید کشمیر ی نے کامزید کہنا تھا کہ کشمیر ی قوم کو یکجا کرنے کیلئے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وقت ہاتھ سے نکل جائے۔ ہم لاکھوں قربانیاں دے چکے ہیں۔ ہمارا عالمی برادری سے سوال ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیوں نہیںکیا جاتا ۔ وہ کون سی طاقت ہے جو مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ میںرکاوٹ ہے۔ معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ ہمیں مفادات سے بالا تر ہو کر کشمیر اور کشمیریوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔