مولانا طاری کی طرف سے شہدائے جموںکوزبردست خراج عقیدت

شبیر شاہ کی مسلسل نظربندی کی شدیدمذمت

جمعہ 4 نومبر 2016 17:46

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ طاری نے شہدائے جموں کو انکی شہادت کی برسی پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ 6نومبر 1947 ء کو ڈوگرہ فورسز اور ہندو انتہا پسند وں کے ہاتھوں جموں میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولانا طاری نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہاکہ اس دن جموں اور چناب خطے میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت لاکھوں مسلمانوں کو فرقہ پرست سیاست کی نذر کرکے ایک ایسے المیئے کوجنم دیا گیاتھا جس کی ٹیس آج بھی محسوس کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تقسیم ہند کے وقت بھارتی قیادت نے ایک طرف جموںوکشمیر پر طاقت کے بل پر قبضہ کرلیا اور دوسری طرف فرقہ پرست قوتوں نے جموں میں مسلم شناخت کو مٹانے کیلئے قتل و غارت کا بازار گرم کیا ٬چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کی اور املاک و جائیداد پر ناجائز قبضہ جمالیا۔

(جاری ہے)

مولانا طاری نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین اور اہلخانہ کی عظمت اور پامردگی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے عوام جموں ٬چناب اور پیر پنچال خطہ کے مسلمانوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے اور رواں جدوجہد آزادی کیلئے ڈوڈہ٬ پونچھ٬ کشتواڑ٬ راجوری٬ بھدرواہ٬ ریاسی اوربانہال کے لوگوں کی خدمات کو سنہرے الفاظ سے لکھا جائیگا۔

انھوں نے شہدائے جموں کے مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ تاریخ میں کسی ہولوکاسٹ سے کم نہیں۔مولانا طاری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے ذریعے حریت رہنماء کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔