ْسکولوںکی آتشزدگی کیخلاف کپواڑہ میں طلبہ کا مظاہرہ ٬گرفتار طالب علموں کی رہائی کا مطالبہ

پیر 7 نومبر 2016 17:49

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) مقبوضہ وادی کشمیر میں سکولوں کی آتشزدگی کے واقعات اورطالب علموں کی گرفتاری کے خلاف کپواڑہ میں طالبعلموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور گرفتار طالب علموں کی فوری طور رہائی کا مطالبہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کپوارہ کے علاقت آرمپورہ درگمولہ میں طلبہ کی بڑی تعداد نے سوپور کپواڑہ سڑک پر تعلیمی اداروںکونذر آتش کرنے اورطلباء کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاج میں شامل طلبہ نے اسکولوں کو نذر آتش کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دینے اورگرفتار طلباء کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ طلبہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں رواں انتفادہ کے دوران علمی دانش گاہوں کو نذر آتش کرنا ایک گہری سازش ہے تاکہ انتفادہ سے عالمی برادری کی توجہ ہٹائی جاسکے۔

(جاری ہے)

طلبہ نے کہا کہ علمی دانش گاہوں کاتحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اوراس سلسلے میں مقامی سطح پر بھی تمام حلقوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

انہوںنے گرفتارطلبہ کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ جائے۔مظاہرین نے رواںانتفادہ کے دوران آنسو گیس اور پیلٹ گن سے زخمی ہونیوالے طلبہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسزدانستہ طورپر کشمیری طلبہ کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔