محکمہ جنگلات کی غفلت‘کوٹلی کے قریبی جنگلات میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے‘ کروڑوں کے قیمتی پودے جل کر خاکستر

ہفتہ 12 نومبر 2016 17:20

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء)محکمہ جنگلات کی غفلت، ملی بھگت اور بددیانتی کے نتیجے میں کوٹلی شہر کے بالکل قریبی جنگلات میں حسب روایت ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ کروڑوں روپے کے قیمتی پودے جل کر خاکستر ہو گئے ہیں، زمین کا حسن تباہ، پہاڑ چٹیل میدان بنتے جا رہے ہیں مگر کرپٹ محکمہ کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگی، ماضی میں ایک لمبے عرصے سے یہ روایت چلی آ ر ہی ہے کہ جنگلات کو آگ لگ جاتی ہے ذمہ داروں کا تعین ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے جس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ محکمہ کے اہلکاران کی ملی بھگت سے آگ لگائی جاتی ہے۔

کوٹلی ریسٹ ہائوس کے نزدیک جنگلات سمیت گردونواح میں گزشتہ دو ہفتوں سے لگی آگ کو کوئی بجھانے کا انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے ۔

(جاری ہے)

قیمتی پودہ جات ، درختوں اور وائلڈ لائف کو شدید ترین نقصان سے دوچار ہے۔ جنگل میں لگی آگ سے ماحولیاتی نظام تباہ، قریبی علاقوں کے مکینوں کو سانس لینا بھی دشوار ہے۔ شام ہوتے ہی شہر کے گردونواح میں آگ بھڑک اٹھتی ہے ، شہر کوٹلی کے اطراف میں لگی آگ کے مناظر صاف نظر آ رہے ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کے ذمہ دار آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزادکشمیربالخصوص وزیرجنگلات سردار میراکبر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ کا قبلہ درست کرتے ہوئے فوری ایکشن لیں۔