معذور افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں حکومت وقت کو معذور افراد کیلئے تعلیمی ادارے قائم کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں

الحیدر فائونڈیشن کے چیئرمین طاہر حیدر کی معذور افراد کے وفد سے بات چیت

اتوار 13 نومبر 2016 16:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2016ء) معذور افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں حکومت وقت کو معذور افراد کے لئے تعلیمی ادارے قائم کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار الحیدر فائونڈیشن کے چیئرمین طاہر حیدر نے معذور افراد کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ معذوری قدرت کی طرف سے ہوتی ہے اس میں کسی انسان کا کوئی دوش نہیں ہوتا معذور افراد ہماری محبت اور توجہ کے زیادہ مستحق ہوتے ہیں یہی نہیں اگر ان کی تعلیم و تربیت اور کسی بھی ہنر مندی کا بندوبست ہو جائے تو یہ معاشرے کے کارآمد افراد بن کر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

حکومت کو چاہئے کہ وہ معذور افراد کی نگہداشت ، ان کی تعلیم و تربیت کے لئے مناسب اقدامات کرتے ہوئے سرکاری طور پر مستقل ادارے قائم کرے یہی نہیں بلکہ انہیں ملازمتوں میں وافر کوٹہ بھی فراہم کرے اس طرح معذور افراد سے احساس محرومی بھی ختم ہو جائے گا اور معاشرے کی ترقی میں ان کا کردار بھی سامنے آتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الحیدر فائونڈیشن مستقبل میں معذور افراد کے لئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے لئے ہمیں معاشرے کے ہر طبقے سے ہر قسم کے تعاون کا انتظار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ ہمارے گھر میں اگر کوئی معذور ہو تو ہمارے جذبات اور احساسات کیا ہونگی ایسے ہی ہمیں دیگر معذور افراد کا احساس کرنا چاہئیے۔