محدود وسائل کے باوجود بلدیہ مختصر عرصے میں شہر کی حالت بدل دے گی‘ زلزلے اور بعد ازاں تعمیر نو کے مرحلے میں شہر کی صفائی اور تزین و آرائش متاثر رہی ہے‘اب تعمیر نو کا عمل کافی حد تک مکمل ہو گیا ہے

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میونسپل کارپوریشن سید شکیل گیلانی کا ریڈیو انٹرویو

پیر 14 نومبر 2016 18:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میونسپل کارپوریشن سید شکیل گیلانی نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود بلدیہ مختصر عرصے میں شہر کی حالت بدل دے گی، زلزلے اور بعد ازاں تعمیر نو کے مرحلے میں شہر کی صفائی اور تزین و آرائش متاثر رہی ہے ۔اب چونکہ تعمیر نو کا عمل کافی حد تک مکمل ہو گیا ہے بلدیہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔

صفائی مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بلدیہ کے عملے نے صفائی کا آغاز کر دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر ریڈیو کے پروگرام پریس کارنر میں میزبان سعید الرحمان صدیقی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ این اوسی کے بغیر تعمیرات کی کسی کو اجازت نہیں ایسی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف کسی وقت بھی کارروائی ہو سکتی ہے شہری اپنی ذمہ داریوں کا خود احساس کریں اور ریڈزون میں تعمیرات سے پرہیز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے پاس گوکہ وسائل محدود ہیں لیکن ہم اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اس حوالے سے کوئی غفلت نہیں برتیں گے اور شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے اقدامات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں بے ہنگم تعمیرات کسی وقت بھی منہدم ہو سکتی ہیں ۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں پوری طرح متحرک ہیں بلدیہ کی طرف سے جاری کردہ انراخ سے جو بھی تجاوز کریگا اس کے خلاف کارروائی کریں گے عوام اشیاء ضروریات کی خریداری سے پہلے نرخ نامے ضرور دیکھا کریں اور گراں فروشوں کے خلاف فوری طور پر ہم سے شکایت کریں ۔

بلدیہ میں عوامی شکایات سیل قائم کر رہے ہیں جہاں بلمشافہ یا ٹیلیفون پر شکایت درج کروائی جا سکتی ہے دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے ریڈیو آزادکشمیر کے سٹیشن ڈائریکٹر لائق زادہ لائق سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔