شبیر شاہ کا آنکھوں کی روشنی سے محروم ہونیوالی انشاء مشتاق کی تا حیات کفالت کا اعلان

صاحب ثروت افراد متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے آگے آئیں، بیان

پیر 21 نومبر 2016 17:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے پیلٹ لگنے کی وجہ سے اپنی آنکھوں سے محروم ہونے والی انشاء مشتاق کی تا حیات کفالت کرنے کی ذمہ داری لیتے ہوئے صاحب ثروت لوگوں سے اس طرح کے متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ جس طرح میں اپنی دو بچیوں کی پرورش کررہا ہوں ،اسی طرح میں انشاء مشتاق کو اپنی تیسری بیٹی تسلیم کرتے ہوئے اس کی کفالت کروں گا۔ حریت رہنما کی ہدایت پر ایک وفد سیدو شوپیان گیا اورا نشاء مشتاق کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے اُنہیں شبیر احمد شاہ کی خواہش سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شبیر احمد شاہ نے اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی وصیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بعد از وفات ان کی آنکھیں کسی ایسی بچی کو دی جائیں جو رواں انتفادہ کے دوران اپنی آنکھوں سے محروم ہوچکی ہو۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ہم اس طرح کے متاثرین کی تکالیف اور مشکلات سے صرف نظر نہیں کرسکتے اور بحیثیت انسان اپنے غم زدہ بچوں اوربچیوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کی کوشش کر یں گے ۔

انہوںں نے کشمیری عوام کے جذبہ انسانیت اور ہمدردی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قوم کے جذبہ ایثار و انسانیت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں انتفادہ کے دوران نابینا اور زخمی ہونے والے افراد کی کفالت ،ان کی امداد اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے صاحب ثروت افراد کو اس سلسلے میںپہل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی رضاکارانہ طور پر اس طرح کے مستحقین میں سے کسی ایک کی کفالت کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے آگے آئیں تاکہ مقدس مشن کی آبیاری کرتے ہوئے بینائی سے محروم یا زخمی ہونے والوں کو قابض انتظامیہ کا دروازہ نہ کھٹکھٹا ناپڑے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اس محاذ پر بھی کام کرنا پڑیگا۔انہوں نے کہا جولوگ جدوجہد آزادی کے دوران متاثر ہوئے،ہمیں ان کی کفالت ،تعلیم اور زندگی کے دوسرے مصارف پوری کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔دریں اثناء فریڈم پارٹی کے ترجمان نے کاکہ پورہ پلوامہ میں بھاریت فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان رئیس احمد ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوںنے شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔