بھارتی وزیراعظم سٹھیا گئے،پاکستان کو صحرا بنانے کی دھمکی دیدی

پاکستان کی جانب جانے والے پانی کی بوند بوند کو روک دیں گے ستلج ،بیاس اور روای کے پانی پر بھارت کا حق ہے اسے ہم پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیں گے،پانی کی ایک ایک بوند کو روک کرمقبوضہ کشمیر، پنجاب اور بھارتی کسانوں کے لیے استعمال کریں گے، پاکستان بھارتی افواج کی اہلیت جانتا ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ وہ کیا کرسکتی ہیں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی ریلی سے خطاب میں بڑھک

جمعہ 25 نومبر 2016 15:13

بھارتی وزیراعظم سٹھیا گئے،پاکستان کو صحرا بنانے کی دھمکی دیدی
بھٹنڈہ/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے پاکستان مخالف عزائم کھل کر سامنے آ گئے ، مودی نے اب پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنے کی گیدڑبھبکی دیدی ،بھارتی وزیراعظم نے بڑھک مارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب جانے والے پانی کی بوند بوند کو روک دیں گے ستلج ،بیاس اور روای کے پانی پر بھارت کا حق ہے اسے ہم پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بھارتی میڈیاکے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی پنجاب کیشہر بھٹنڈ ہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے واویلا کیا کہ ستلج ،بیاس اور روای کے پانی پر بھارت کا حق ہے اور اسے ہم پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔بھارتی وزیراعظم کا کہناتھا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان میں بہہ جانے والے پانی پر ہمارے کسانوں کا حق ہے اور میں نے پاکستان بہہ جانے والے پانی کو بھارت میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کیلئے مختلف پہلووں پر غور کیلئے ٹاسک فورس بنا دی ہے ۔

(جاری ہے)

مودی نے کہا کہ پانی کی ایک ایک بوند کو روک کرمقبوضہ کشمیر، پنجاب اور بھارتی کسانوں کے لیے استعمال کریں گے ۔مزید بڑھک مارتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی افواج کی اہلیت جانتا ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ وہ کیا کرسکتی ہیں۔واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے دندان شکست جواب پر مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی دھمکیاں دے رہاہے۔