سپریم کورٹ میں کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق قائم کمیشن کی جانب سے واقعہ کے حوالے سے رپورٹ جمع کرادی

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:01

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) سپریم کور ٹ میں کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق سیشن جج کوہستان کی سربراہی میں قائم کمیشن کی جانب سے واقعہ کے حوالے سے رپورٹ جمع کرادی گئی۔ جمعرات کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

کمیشن کی جانب سے جمع کی گئی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ ظاہر کی جانے والی لڑکیاں وڈیو میں دکھائی دینے والی لڑکیاں نہیں لگتی، دولڑکیوں آمینہ اور سرن جان کے انگھوٹوں کی تصدیق نہ ہوسکی، جس لڑکی کوامینہ ظاہر کیاگیا اس کے دونوں انگوٹھے جلے ہوئے تھے جبکہ سرن جان نامی لڑکی کا والد اس کی عمر بتانے سے قاصر تھا اورجس لڑکی کوسرن جان بتایا گیا اس کی عمر16سال ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ لڑکیاں یا تو زندہ نہیں یا لاپتہ کر دی گئی ہیں، اس معاملے میں جامع انکوائری کی ضرورت ہے۔عدالت نے رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد مزید سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی۔