محکمہ اطلاعات تمام محکمہ جات کی کارکردگی کو اجاگر کرتا ہے اس لیے اس کی ضروریات پوری کرنا ضروری ہے،ڈویژنل اورضلعی دفاتر کے آفیسران کے لیے الگ الگ ٹی آر اوز بناکر ایک منظم نظام قائم کیا جائیگا،سیکرٹری اطلاعات ،سیاحت وآئی ٹی منصور قادر ڈار

بدھ 7 دسمبر 2016 19:23

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) آزادکشمیر حکومت کے سیکرٹری اطلاعات ،سیاحت وآئی ٹی منصور قادر ڈار نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات تمام محکمہ جات کی کارکردگی کو اجاگر کرتا ہے اس لیے اس کی ضروریات پوری کرنا ضروری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے محکمہ کا سٹرکچر تبدیل کر دیا ہے اور اب محکمہ میں مثبت تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں۔

محکمہ کے اندر تخلیقی کام شروع کیے جائیں گے اور اسکو ایک مربوط سسٹم کے تحت منظم کریں گے۔محکمہ کے آفیسران اپنی منزل کا تعین کر کے ٹیم ورک کے ساتھ چلیں۔ڈویژنل اورضلعی دفاتر کے آفیسران کے لیے الگ الگ ٹی آر اوز بناکر ایک منظم نظام قائم کیا جائیگا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ اطلاعات کے آفیسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر ز سردار اورنگزیب پروانہ، امجد حسین منہاس ،محمد بشیر مرزا اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے ذمہ داریاں دیگر محکمہ جات سے مختلف اور حساس نوعیت کی ہیں۔محکمہ اطلاعات کو 24گھنٹے بغیر کسی چھٹی کے کام کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے اس محکمہ کی ضروریات بھی زیادہ ہیں۔

محکمہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئے ترقیاتی منصوبہ جات لائیں گے ۔محکمہ کے آفیسران کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آفیسران تخلیقی کام پر توجہ دیں اور اپنے روزمرہ کے کاموں کے ساتھ ساتھ تخلیقی کام بھی کریں تاکہ محکمہ کو ایک نئے انداز کے ساتھ چلایا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ تمام آفیسران اپنی اپنی تجاویز دیں جن کو اکٹھا کر کے آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے اور ضروریات کے مطابق ترقیاتی پراجیکٹ کے لیے حکومت کو تحریرکریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استعفادہ کر کے ہی آفیسران اپنی کارکردگی میں نکھار لا سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود محکمہ اطلاعات بھرپور کارکردگی دیکھا رہا ہے ۔محکمہ کے آفیسران محنت اور دیانتداری سے اپنی فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو زیر استعمال لایا جا رہا ہے جس سے محکمہ کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔