رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی کو پر وقار انداز میں منانے کیلئے سیکرٹری سروسز کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

جمعہ 9 دسمبر 2016 20:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر امسال رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی شایان شان اور پروقار انداز میں منانے کے حوالے سے سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر بلڈنگ ڈویثرن طارق محمود شعلہ، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری سروسز خالد محمود مرزا، ایکسین تعمیرات عامہ خواجہ امتیاز، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال وزیر اعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت پر چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت واحترام کے ساتھ انکی قومی وملی خدمات کے اعتراف میں شاندار انداز میں منائی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کے سکولوں میں اس دن کے حوالہ سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں نئی نسل کو انکی خدمات کے بارہ میں آگاہی فراہم کی جائیگی۔

جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں قائد ملت چوہدری غلام عباس کی زندگی کے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا جائیگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے بانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں ۔ چوہدری غلام عباسی کشمیری قوم کے قائد تھے جن کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انکی برسی کو شاندار انداز میں منایا جائیگا اور ان کے خدمات سے نئی نسل کو روشناس کرویا جائیگا تاکہ وہ اپنے قائد کی زندگی سے آگاہی حاصل کر سکے۔