عامل کے گھرسے مبینہ طورپراغواء ہونے والی لڑکی نکاح نامے سمیت عدالت میں پیش ہوگئی

منگل 13 دسمبر 2016 23:33

مظفرگڑھ۔14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)دم کرانے کے لیے آنے والی لڑکی کو عامل مبینہ طور پر اغواء کرکے فرار ہوگیا،بعدازاں لڑکی کو عدالت میں پیش کیا گیا تو نکاح نامہ بھی پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محمود کوٹ روڈ کا رہائشی امتیاز اپنی 18 سالہ بیمار بہن صائمہ کودم کرانے کے لیے موضع سنکی میں عامل عبدالکریم کے آستانے پر لے گیا،عامل دم کا بہانہ بناکر اسے گھر لے گیا اور وہاں سے اسے مبینہ طور پر اغواء کرکے فرار ہوگیا۔

کئی گھنٹے تک لڑکی باہر نہ آئی تواہلخانہ کو تشویش لاحق ہوئی۔ اہلخانہ نے عامل کے گھر جاکردیکھا تو لڑکی غائب تھی۔واقعہ پرلڑکی کے اہلخانہ نے عامل کیخلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرادیا۔ وقوعہ کی خبر میڈیا چینلز پر نشر ہوئی تو پولیس نے عامل کی2بھائیوں کو گرفتار کیا تولڑکی منظرعام پر آگئی اورڈی پی اوکے سامنے پیش ہوگئی۔

(جاری ہے)

لڑکی نے ڈی پی اوملک اویس احمد کو نکاح نامہ پیش کیا اور بتایا کہ وٴْہ خود اپنی مرضی سے عامل عبد الکریم سے نکاح کرچکی ہے۔

بعدازاں پولیس کی جانب سے لڑکی کو مقامی مجسٹریٹ محمدیعقوب کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں لڑکی نے عدالت کو دفعہ164کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔بعدازاں لڑکی کو تھانہ صدر لے جاکر بھی اس کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔پولیس کے مطابق لڑکی نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے عامل سے شادی کی ہے اور نکاح نامہ بھی اصل ہے۔لڑکی نے عدالت سے تحفظ فراہم کرنے کی بھی استدعا کی۔ایس ایچ او تھانہ صدر علی عمران کے مطابق لڑکی کے عدالت میں بیان کے بعد عدالت نے لڑکی کو عامل کے گھر جانے کی اجازت دیدی۔