میڈیکل کالج ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے تدریسی عملے کا امتیازی سلوک پر تدریسی عمل کا بائیکاٹ

منگل 27 دسمبر 2016 22:00

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)میڈیکل کالج میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے تدریسی عملے نے کالج میں امتیازی سلوک پر تدریسی عمل کا بائیکاٹ کردیا، فیکلٹی ممبران کو تین سال کا ٹیچنگ الائونس بقایا ہے باوجود آزاد کشمیر عدالت العالیہ کے فیصلے کے قائمقام پرنسپل نے الائونس روک رکھا ہے ۔ تدریسی عمل کے بائیکاٹ سے طلباء کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے،عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پرنسپل میڈیکل کالج کا نوٹیفکیشن ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود التواء کا شکار ہے تدریسی عملے نے وزیراعظم آزادکشمیر، چیف سیکرٹری سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انٹرویو ہونے کے باوجود مستقل پرنسپل کی تعیناتی نہ ہو سکی ۔جس پر تدریسی عملے کی وزیراعظم ،وزیر صحت، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ سے اپیل ہے کہ جلد از جلد پرنسپل کا نوٹیفکیشن کروایا جائے تاکہ فیکلٹی کے دیرینہ مسائل کو حل کیا جاسکے۔ کیونکہ قائمقام پرنسپل مسائل حل کرنے میں ناکام رہے یاد رہے کہ پرنسپل میڈیکل کالج کا نوٹیفکیشن ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود التواء کا شکار ہے۔