وزیر جنگلات سردار میراکبر خان کی مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب صدر سہیل مغل ،جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ ودیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

منگل 27 دسمبر 2016 22:01

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب صدر سہیل مغل ،جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ ودیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ۔ اور کہا ہے کہ اہل قلم صحافی اور دانشوروں کا تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ہے ۔ حکومت وعوام کی بہترین رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے لئے میڈیا کا کردار قابل تحسین ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ صحافی اپنے قلم اور کیمرہ سے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی او رمسائل کو حکومتی سطح تک اجاگر کرتے ہیں ۔ اور مقبوضہ کشمیر کے مظلو م کشمیریوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں قابل تحسین کردار ادا کرتے آرہے ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مرکزی ایوان صحافت کی بیس کیمپ میں اہمیت بہت زیادہ ہے ۔

اس مقدس پیشہ پہ دوہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔ ایک تو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور مظلو م کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم کو اجاگر کرکے بھارتی چہرے کو بے نقاب کرنا ہے ۔ اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کرعالمی سطح پر مظلو م کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے میں عالمی ممالک کی توجہ مظلوم کشمیریوں کی طرف مبذول کروانا ہے ۔

اوریہ صرف میڈیا کی ذریعہ سے ہی ممکن ہے ۔ اس سلسلے میں مرکزی ایوان صحافت اور میڈیا کا کردار قابل رشک ہے ۔ انھو ں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ایک خوبصورت خطہ ہے اس کی خوبصورتی سیاحوں کے لئے پرکشش ہے ۔ سیاحوں کو ان دلکش مقامات کے بارے میں آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ جس کی وجہ سے سیاحتی مقامات پر باہر سے آنے والے لوگوں کی تعداد میں دن بدن خاطر خواہ اضافہ ہورہاہے ۔

جس سے ذرائع آمدن میں اضافہ ہورہاہے اور سیاحت کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں بہتری کے لیے اصطلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔محکمہ جنگلات میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گاکرپٹ آفیسران واہلکاران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میرٹ ،گڈگورننس اور مسئلہ کشمیر کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔

انھوں نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگل اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے عوام الناس کے اندر شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار اداکریں اور میں امید کرتا ہوں کہ نومنتخب عہدیداران مرکزی ایوان صحافت میڈیا کے ذریعہ سے خطے کے مسائل اور تعمیر وترقی کو عوام تک پہنچانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے ۔ اور خصوصاً مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کی آواز بن کرعالمی سطح پر ان کو آواز کو پہنچانے میں میڈیا اپنا کردار ادا کریں گئے ۔