انسانی حقوق کے ادارے کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،سید علی گیلانی

مزاحمتی قیادت کی طرف سے احتجاجی کلینڈر میں توسیع

اتوار 15 جنوری 2017 22:30

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کٹھوعہ، کوٹ بھلوال اور اھمپور جیلوںمیں نظر بند کشمیریوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور انہیں طبی سہولت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ جاری احتجاجی تحریک کے دوران بے گناہ کم عمر لڑکوں ،معمر اور بیمار افراد پر بھی کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جیلوںاور تھانوں میں نظر بند کیا گیا۔

(جاری ہے)

نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید کی سربراہی میں ایک ٹیم نے کوٹ بھلوال جیل جموں کے دورے کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نظر بندوں کو مناسب طبی سہولیات میسر نہیں اور انہیں دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔

دریں اثنا سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف نیا احتجاجی کلینڈر جاری کیا ہے ۔ کلینڈر کے مطابق سینئر مزاحمتی قائدین اور اور کارکن کل نماز ظہر کے بعد احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں گے۔ مزاحمتی قیادت نے آئندہ جمعہ کو ’’ یوم مزاحمت‘‘ جبکہ 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو’’ یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منانے کی بھی اپیل کی ہے۔

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کشمیریوں پر زو دیا ہے کہ وہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ برقرار رکھیں۔ انہوںنے کہا کہ کچھ ایجنسیاںفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہچانے کی منصوبہ بند کر رہی ہیںتاکہ تحریک آزادی کو نقصان پہنچایاجاسکے۔ مقبوضہ کشمیر کے مفتی اعظم اور مسلم پرسن لا بورڑکے چیئرمین مفتی محمد بشیر الدین فاروقی اور انکے نائب مفتی ناصر الاسلام نے اپنے مشترکہ بیان میں جموں کے علاقے کٹھوعہ میں مسلمانوں پرہندو انتہا پسندوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلمانوںکو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ نے کی تھی تاکہ ان کے اندخوف و ہراس پیدا کیا جاسکے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر سوشل پیس فورم کا ایک وفد کٹھوعہ میںہندانتہا پسندوںکے حملے کا نشانہ بننے والوں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے ہاں گیا ۔ تنظیم کے چیئرمین دیویندر سنگھ نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان حملوں میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور ویشوا ہندو پریشد ملوث ہیں اور انہیں کٹھ پتلی انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے۔