مستقل ملازمین کی فراغت لیگی حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے محکمہ تعلیم سے جونیئر ملازمین کو فارغ کر کے درجنوں خاندانوں کے منہ سے نوا لا چھینا گیا ہے اور فارغ شدہ ملازمین کئی دنوں سے احتجاج پر بیٹھے ہیں کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی

پاکستان تحریک انصاف حلقہ کوٹلہ کے صدر چوہدری ولی محمد کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف حلقہ کوٹلہ کے صدر چوہدری ولی محمد نے کہا ہے کہ مستقل ملازمین کی فراغت لیگی حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے محکمہ تعلیم سے جونیئر ملازمین کو فارغ کر کے درجنوں خاندانوں کے منہ سے نوا لا چھینا گیا ہے اور فارغ شدہ ملازمین کئی دنوں سے احتجاج پر بیٹھے ہیں کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی جو انتہائی افسوسناک امر ہے مسلم لیگ ن کی حکومت اگر لوگوں کو روزگار دے نہیں سکتی تو ملازمین کے بچوں کے منہ سے نوالا نہ چھینے گزشتہ روز میڈیانمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے قیام کے ٹھیکیدار مستقل ملازمین کو نوکریوں سے نکال کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں یہ ہماری سمجھ سے باہر ہے ،تحریک انصاف عوامی حقوق اور سرکاری ملازمین کے حقوق کا ہر حال تحفظ کریگی،مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پہلے چھ ماہ میں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کے سوا کو ئی کام نہیں کیا ہم حکومت آزاد کشمیر کے ایسے گھناونے اقدامات کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نوکریوں سے نکالے گئے مستقل ملازمین کو فوری طور پر اپنی ملازمتوں پر بحال کیا جائے ورنہ مسلم لیگ ن کے خلاف تحریک انصاف سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گی ۔