رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

منگل 14 فروری 2017 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) رواں ہفتے کے اختتام پر راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، وقفہ وقفہ سے بارش کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ایوالانچ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ (شام) سے اتوار کے دوران خیبرپختونخوا اور فاٹا میں اکثر مقامات پر بارش جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

جمعہ سے پیر کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ اور اتوار کو اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن) میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات کے پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

جمعہ اور ہفتہ کو شمالی بلوچستان (کوئٹہ، قلات اور ژوب ڈویژن) چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔اس دوران وقفہ وقفہ سے بارش کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ایوالانچ/ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ منگل کو ملک کم سے کم درجہ حرارت سکردومنفی14، استور منفی07، گوپس، پاراچنارمنفی 05، کالام، مالم جبہ منفی04، چترال، قلات، بگروٹ منفی02، دیر، میرکھانی، راولاکوٹ، ہنزہ، گلگت منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :