مشیر اطلاعات مشتاق احمد غنی نے چکدرہ پریس کلب کی نو منتخب کا بینہ سے حلف لیا

جمعرات 16 فروری 2017 20:42

چکدرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور مشیرِ اطلاعات مشتاق احمد غنی نے جمعرات کے روزچکدرہ پریس کلب کی نو منتخب کا بینہ سے حلف لیا اوراسے مبارکباد بھی پیش کی ۔حلف برداری کی تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے مشتا ق احمد غنی نے کہا کہ صوبے میں صحا فی برادری جمہوریت کی تقویت کیلئے انتہائی اہم کر دار ادا کر رہا ہے موجودہ حکومت صوبے میں صحافیو ں کیلئے ہائوسنگ کالونیوں کے قیام پر کام کر رہی ہے جبکہ صوبے کے تمام پر یس کلبوں کو ریگورلر بنیادوں پر فنڈ بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طر ف سے صحافیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے Endonment Fund قائم کیا گیا ہے جس کے تحت صحافیوں کو طبی سہولیات دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوںکو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چکدرہ کے صحافی اپنی صلاحیتوں کو معاشرے میں شعورو اگاہی کیلئے استعمال کرینگے ۔

اس موقع پر پریس کلب کے نو منتخب صدر شاہ فیصل نے مشیر ِ اطلاعات کو چکدرہ میں صحافیوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور صحت انصا ف کارڈ اورشہدا ء پیکج کے مطالبات پیش کیے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کو ملاکنڈ ریجن تک توسیع دی جائے تاکہ ملاکنڈ کے صحافی بھی اس قانون سے فائدہ اُٹھا سکیں اور وہ صحافتی اقدار کی پاسداری بھی کرینگے ۔ نومنتخب کابینہ میں احمد شاہ سینئر وائس پریذیڈنٹ، محمد اسرار جنرل سیکرٹری جبکہ حکیم نور فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔