شہرکو فضلہ سے پاک کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،سیف انورجپہ

بدھ 22 فروری 2017 23:27

مظفرگڑھ۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے صفائی کے بغیر اچھی صحت ناممکن ہے ،اچھی صحت کیلئے صفائی کے زریں اصولوں کو اپنانا نہایت ضروری ہے ،یہ بات انہوں نے آگاہی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زیر اہتمام ڈی ایچ او آفس میں ایک ورکشاپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوںنے کہا کہ صفائی کے اصولوں میں سے ایک اصول کھلے میں انسانی فضلہ سے پاک رکھنا ہے ، جس کیلئے عوام میں شعور و آگاہی بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ کو کھلے میں فضلے سے پاک بنانے کئے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام ادارے اپنا اپنا موثر کردار ادا کریں گے اورجو فلاحی تنظیمیں اس پروجیکٹ پر کام کررہی ہیںان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، ورکشاپ سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت و صفائی انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ، انہوںنے کہا کہ اپنی اوراپنے گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ اپنے گلی محلے اور شہر کی صفائی کی ہماری ذمہ داری ہے ، جب تک ہم اپنے سمیت اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف نہیں رکھیں گے جب تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دین اسلام صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے اور آج کی جدید سائنس بھی صفائی کی اہمیت پر زور دے رہی ہے ، اچھی صحت کیلئے صفائی لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے قیادت میں حکومت پنجاب شعبہ صحت پر ترجیح بنیادوں پر کام کررہی ہے انہوں نے ضلع مظفرگڑھ کو کھلے میں فضلہ سے پاک کرنے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔