ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران نے ہنگامی اجلاس

جمعرات 23 فروری 2017 16:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2017ء)ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران نے ایک ہنگامی اجلاس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کی حالت زار پر غورخوض کیا ۔ اجلاس میں ڈاکٹرامجد محمود ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن ، ڈاکٹر زرداد خان اسسٹنٹ پروفیسر سرجری ، ڈاکٹر ارشد محمود اسسٹنٹ پروفیسر سرجری ، ڈاکٹر فیصل بشیر ، ڈاکٹر تنویر صادق ، ڈاکٹر طارق مسعود ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن ، ڈاکٹر صادق حسین ، ڈاکٹر نثار احمد ، ڈاکٹر عبدالغفور نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا اور اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ کالج میں نظم و ضبط کا فقدان ہے سینئر فیکلٹی ممبرز پروفیسر حضرات کی عدم دلچسپی اور مسلسل لاپرواہی کی وجہ سے سٹوڈنٹس کا تعلیمی فقدان ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

کالج کے معاملات بذریعہ ’’ٹیلی فون ‘‘اور’’ ای میل ‘‘چلائے جارہے ہیں ۔ کالج کے مالیاتی ذرائع کو بہتر طریقے پر استعمال کیاجارہا ہے ۔ آزادکشمیر محکمہ صحت کے شدید تحفظات کے باوجود کنٹریکٹ پر بھاری معاوضے پر تعیناتیاں عمل میں لائی جارہی ہیں جس کی تازہ مثال شعبہ سرجری میں پروفیرس عصمت خالد کی تعیناتی ہے جو دو ماہ غیر حاضر رہنے کے بعد اچانک نیوسٹی ہسپتال میں نمودار ہوئیں اور تین ماہ کی تنخواہ کا کلیم لے کر کالج پہنچ گئیں ۔ اب پرنسپل نے موصوفہ کو وزیراعظم اور وزیر صحت سے باقاعدہ کرنے کیلئے ایک نوٹیفکیشن بھی کر دیا ہے ۔ ڈاکٹرز نے پروزور مطالبہ کیا ہے کہ معاملات کی اصلاح کیلئے فوراً اقدامات اٹھائے جائیں ۔