آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس، عارضی ملازمین کو مستقل کیے جانے کے حق میں پیش کر دہ خیر مقدمی قرار داد متفقہ طورپر منظور

منگل 28 فروری 2017 18:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر کی طرف سے نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت کے تحت طویل عرصہ سے تعینات عارضی ملازمین کو مستقل کیے جانے کے حق میں پیش کر دہ خیر مقدمی قرار داد کو متفقہ طورپر منظور کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کا یہ اجلاس نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت کے تحت محکمہ میں طویل عرصہ سے تعینات عارضی ملازمین جن میں زیادہ تر خواتین ہیں کو ریگو لرائز کرنے کے اقدام پر مبارکباد پیش کرتا ہے ۔

ایوان کے رائے میں حکومت آزادکشمیر کا یہ اقدام خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگااور مستقبل میں اس سے مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ قرار داد میں اس امر پر بھی اطمینان کااظہار کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی کی ملازمین کی شبانہ روز محنت اور کاوشوں کی وجہ سے آزاد کشمیر پولیو فری زون بن گیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے ۔ خاتون رکن اسمبلی محترمہ سحرش قمر کی طرف سے پیش کر دہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔

متعلقہ عنوان :