مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کی بائیکاٹ مہم شروع ،لڑکوں اور بزرگوں سمیت درجنوں کشمیری گرفتار

منگل 21 مارچ 2017 18:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے بھارت کے آئندہ نام نہاد پارلیمانی انتخابات سے قبل سرینگر ، اسلام آباد ، پلوامہ ، کولگام اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے کے دوران لڑکوں اور معمر افراد سمیت تین درجن سے زائد کشمیریوںکو گرفتار کرلیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرفتار کئے جانیوالوں میں ساتویں ، آٹھویں اوردسویں جماعت کے طالب علم ، 65سالہ معمر شہری اور جسمانی طورپر معذور محمد افضل پرے بھی شامل ہیں ۔

سینکڑوںلوگوںنے ضلع کولگام کے علاقوں چولگام اور بڈرو میں چھاپوں کے دوران بھارتی پولیس کی طرف سے نوجوانوںکی گرفتاریوں کے خلاف آج احتجاجی مظاہر ہ کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ نام نہاد انتخابی ڈھونگ نو اور بارہ اپریل کو سرینگر اور اسلام آباد کے حلقوں میں منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم ، تحریک حریت جموںوکشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میںکٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے جاری گرفتاریوںکی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میںاظہار رائے کی آزادی پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔حریت رہنمائوں الطاف احمد شاہ ، غلام نبی زکی ، شیخ عبدالرشید اور عمر عادل ڈار نے سرینگر میں نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم شروع کی۔ انہوںنے لوگوں میںانتخابات مخالف پوسٹر اور پمفلٹ تقسیم کئے اور انہیں انتخابی ڈھونگ سے دور رہنے کیلئے کہا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ حریت کانفرنس نے حریت کارکنوں مشتاق احمد ہرہ، عبدالسلام میر،نذیر احمد تانترے اور زاہد احمد زرگر پر لاگوکالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عدالت کی طرف سے کاالعدم قراردیے جانے کے باوجود ان کی پٹن پولیس اسٹیشن میں مسلسل نظربندی کی مذمت کی ۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے پاکستان کو اس کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ 1940ء میں لاہور میں پاس ہونے والی قرارداد پاکستان کشمیری عوام کے لیے باعث تقویت اور مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے لیے ہردن یوم پاکستان ہے کیونکہ وہ اس ملک سے گہری محبت کرتے ہیں۔ آل پاٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رعنا نے سرینگر میں ایک بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ 20مارچ 2000ء کو ضلع اسلام آباد کے علاقے چھٹی سنگھ پورہ میں سکھ برادری کے 35افراد کو قتل کرنے والے مجرموں کو گرفتار کرے۔ بھارتی فوجیوں نے اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کے دورہ بھارت کے موقع پران سکھوں کو قتل کیا تھا۔