نیشنل فرنٹ کی نعیم احمد خان کی گرفتاری کی شدید مذمت

بھارت نے کشمیریوںکے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں،ترجمان

جمعرات 23 مارچ 2017 18:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2017ء)مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر نیشنل فرنٹ نے تنظیم کے چیئرمین نعیم احمد خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ نعیم احمد خان کو بدھ کے روز سرینگر ائر پورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دلی روانہ ہونے والے تھے۔

جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ خود کو دنیا کا سب سے بڑا جموری ملک کہلوانے والے بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نظر بندیوں، گرفتاریوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے سے نہیں بلکہ پر امن بات چیت کے ذریعے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔

ترجمان نے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی گھروں ،تھانوں او رجیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی بھی شدید مذمت کی۔ یاد رہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے حریت رہنمائوں کو سفارتحانے میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں مدعو کر رکھا تھا۔