ماں اوربچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھنا ضروری ہے، ڈاکٹرفرزانہ کوثر

پیر 3 اپریل 2017 23:35

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2017ء) ماں اوربچے کی صحت کیلئے ضروری ہے کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھا جائے اور ان کی خوراک کا بھرپور خیال رکھا جائے اور اس بات کا عوام میں شعور بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر فرزانہ کوثر نے ہفتہ بہبودآبادی کی تقریبات کے افتتاح پر عوام میں بچوں کے درمیان مناسب وقفے کا شعور بیدار کرنے کیلئے ایک واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔

واک میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عمارہ ، تحصیل آفیسر جاوید اختر، حارث عمران اور فیملی ہیلتھ سنٹر ز کی انچارج لیڈی ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی او پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر فرزانہ نے کہا کہ ہم سب نے اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہے اور شہر شہر گلی گلی یہ پیغام عام کرنا ہے کہ سوچ بدلو زندگی بدلو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں 3اپریل سے 8اپریل تک ہفتہ بہبود آبادی منایا جارہا ہے جس کے سلسلے میں آج واک کی گئی ہے، جس کا مقصد عوام میں بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل کی آگاہی دینا ہے اور آبادی پر کنٹرول کا شعور بیدار کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ4اپریل کو ضلع کونسل ہال میں اسی سلسلے میں سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مختلف محکموں کے افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے، 5اپریل کو ضلع کے 59سنٹرز پر بے بی ہیلتھ شو کا انعقاد کیا جائے گا، 6اپریل کو ضلع کے 10بہترین شادی شدہ جوڑوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ، 7اپریل کو علماء کرام اور این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ 8اپریل کو ضلع بھر کی یونین کونسلز کی سطح پر مختلف ثقافتی سرگرمیاں منعقد کرائی جائیں گی جس میں کبڈی میچ شامل ہیں۔