لبریشن فرنٹ کی طر ف سے محبوبہ مفتی کے کشمیری نوجوانوںکے خلاف بیان کی شدید مذمت

جمعرات 6 اپریل 2017 12:41

لبریشن فرنٹ کی طر ف سے محبوبہ مفتی کے کشمیری نوجوانوںکے خلاف بیان کی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںو کشمیر لبریشن فرنٹ نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے کشمیریوں نوجوانوںکے خلاف حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور بھارت نواز سیاست دان کی ذہنی اور اخلاقی پستی کا عکاس قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کشمیری نو جوانوں کو ذہنی طور پر پریشان قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ بے روزگاری ان کے احتجاج اور غصے کا سبب ہے۔

لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ طاقت اوراختیار کے حصول کیلئے پستی کی کسی بھی حد تک گرنے کیلئے تیار لوگ عزت و احترام کے فلسفے کو کبھی نہیں سمجھ سکتے اور ان کے ایسے بیانات پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بے روزگاری کو نوجوانوں کے غصے کی وجہ قراردینا ایک مضحکہ خیز بیان ہے جسے پر صرف ہنسا ہی جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمین کے جعلی جلوسوںاور ریلیاں نکالنے اور ان سے خطاب کرنے سے بہتر یہ ہے کہ محبوبہ مفتی ماضی میں دئے گئے اپنے مضحکہ خیز بیانات کا جائزہ لیں۔دریں اثناء لبریشن فرنٹ نے بشیر احمد قریشی کی اہلیہ اور حریت رہنماء فضل حق قریشی کی بھابھی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔