(ن) لیگ والے جشن کی آڑ میں عدالتی فیصلے میں سامنے آنے والے سچ ،اپنی سبکی کو نہیں چھپا سکتے‘ تحریک انصاف

بتایا جائے وزیر اعظم کا خاندان سمیت لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینے کیلئے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا فخر کی بات ہوگا ، جمشید اقبال،مسرت چیمہ

جمعرات 20 اپریل 2017 18:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے جشن کی آڑ میں عدالتی فیصلے کے ذریعے سامنے آنے والے سچ اور اپنی سبکی نہیں چھپا سکتے ،بتایا جائے وزیر اعظم کا اپنے خاندان سمیت قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونا فخر کی بات ہوگا عدلیہ کے فیصلے میں احتساب کے ادارے بھی ایکسپوز ہو گئے ہیں ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ اور لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیانات میں پانامہ فیصلے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ فیصلے میں حکمران خاندان کی لوٹ مار کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔(ن) لیگ والے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جشن منا کر فیصلے کے تاثر کو زائل کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جائے ملک و قوم کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ممالک لیجانے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا بننا اور پھر وزیر اعظم کا خاندان سمیت اس کے سامنے پیش ہونا فخر کی بات ہو گی ،حکمران خاندان پہلے بھی سپریم کورٹ میں بے نقاب ہوا اب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ان کی ’’شفافیت ‘‘کا مزید کچا چھٹہ کھل جائے گا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں واضح کہا ہے کہ قطری شہزادے کے خطوط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔

عدالت نے واضح کہا ہے کہ فنڈز سے متعلق بیانات ، انٹر ویوز کی سچائی کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان تاریخ کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے اورسب سے بڑھ کر عوام با شعور ہوچکے ہیں،(ن) لیگ والے جو مرضی کر لیں جشن منا کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی ۔