ظفر اکبربٹ اور جاوید احمد میر نے ہسپتال میںزیر علاج زخمی طلباء کی عیادت کی

جمعہ 5 مئی 2017 18:23

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں ظفر اکبربٹ اور جاوید احمد میر نے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکرپر امن مظاہروں پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال میں زخمی ہونیوالے طلباء کی عیادت کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طالب علموں بلا ل احمدڈار ، سجاد احمد ، نثار احمد ، محمد رمضان اور شاہد احمد سوپورا ور شوپیاںمیں مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں میں زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ظفر اکبربٹ اور جاوید احمد میر نے اس موقع پر زخمی طلباء کے ساتھ اظہار ہمدری کیا اور انکی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔ انہوںنے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیرکی نوجوان نسل کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ دونوں رہنمائوںنے بڈگام ، شوپیاں، سوپور اور کولگام میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوںکی بھی مذمت کی ۔ادھر جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوںفاروق احمد ، ارشاد احمد ، امتیاز احمد اورمظفر احمد نے کشمیری نوجوانوں اور طلباء پر بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی ۔

متعلقہ عنوان :