میرٹ کی بحالی اور شفافیت کا قیام حکومت کی ترجیح ہے، ہمیںعوام کا اعتماد حاصل ہے ہم انتقام کی سیاست پرنہیں بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے لیکن آئین و قانون سب کیلئے ہے ‘سب کو احتساب اورجوابدہی کے عمل سے بلاتفریق گذرنا ہو گا

ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی کی بات چیت

منگل 16 مئی 2017 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی ؔ نے کہا ہے میرٹ کی بحالی اور شفافیت کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہمیںعوام کا اعتماد حاصل ہے ہم انتقام کی سیاست پرنہیں بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے لیکن آئین و قانون سب کیلئے ہے اور سب کو احتساب اورجوابدہی کے عمل سے بلاتفریق گذرنا ہو گا۔

آزاد کشمیر میاں محمد نواز شریف کے ویژن کو لے کر چل رہے ہیں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکااقتصادی راہداری سے آنیوالی نسلوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تھوراڑ بھالگراں کی معروف سیاسی شخصیت سردار صفدر خان اور ڈاکٹر شہباز جموں وکشمیر پیپلزپارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سردار صفدر خان اور ڈاکٹر شہباز نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ گذشتہ روز کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ممبر آزاد جموںو کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصیؔ سے ملاقات کے بعد کیا۔ اس موقع پر سردار واجد ایڈووکیٹ اور سردار ماجد خان بھی موجود تھے۔ سردار عبدالخالق وصیؔ نے مزید کہا ہے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں حکومت کی 10ماہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے مختصر مدت میں آزاد کشمیر کے عوام درپیش بنیادی مسائل کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے گذشتہ دور حکومت ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے جیالوں کو نوازا گیا اور ان ترقیاتی اسکیموں کا وجودزمین پر کہیں نظر نہیں آتا اور گذشتہ الیکشن میں پیپلزپارٹی اپنی کرپشن کی وجہ سے عبرتناک انجام سے دوچار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات میں کرپشن اور غیر شفافیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ عوام ان سے جلد ازجلد مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے خطہ میں معاشی انقلاب آئے گا جس کے ثمرات سے ایک عام آدمی بھی مستفید ہوگا۔ سردار عبدالخالق وصی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت تمام قومی اداروں کا احترام اور ان کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے قائد پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری ہے اور انشاء اللہ مسلم لیگ(ن)2018میں ایک بار پھر کامیابی حاصل گی۔