محکمہ شاہرات قومی خزانے کے لیے دیمک بن گیا

آفیسران کی غفلت یا ملی بھگت ، غلط سروے پر سڑکوں کی تعمیر نے قومی خزانے کا ضیاع معمول بنا دیا گیا

ہفتہ 3 جون 2017 16:54

محکمہ شاہرات قومی خزانے کے لیے دیمک بن گیا
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2017ء) محکمہ شاہرات قومی خزانے کے لیے دیمک بن گیا ، آفیسران کی غفلت یا ملی بھگت ، غلط سروے پر سڑکوں کی تعمیر نے قومی خزانے کا ضیاع معمول بنا دیا ، محکمہ شاہرات کی غفلت کا اعلیٰ حکام نوٹس لیکر کارروائی کریں تا کہ عوام کے مسائل بھی حل ہو سکیں اور قومی خزانے کا ضیاع بھی نہ ہو ،ان خیالات کا اظہار اعوان پٹی کے سیاسی و سماجی رہنماو ں اختر اعوان ، کالا خان ، بشیر اعوان ، مظفر اعوان و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ اخباری بیان میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے شہید طاہر علی کے نام پر اعوان پٹی بالا کے عوام کو دو کلومیٹر سڑک کا منصوبہ دیا ، جس کی تعمیر میں محکمہ شاہرات نے کمائی مہم شروع کر دی اور سڑک کو ایسے سروے پر بنایا جا رہا ہے کہ جس پر زیرو پوائنٹ سے لیکر ایک کلومیٹر تک گاڑیاں تو دورگدھے چلانا بھی محال ہے ، اور اس طرح اس سڑک کی تعمیر کے نام پر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، ہم وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ، چیف سیکرتری ، وزیر شاہرات چوہدری محمد عزیز سمیت جملہ اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موقع ملاحظہ کریں اور قومی دولت کا ضیاع ہو نے سے بچانے کے ساتھ ساتھ سڑک کو ایسے سروے پر بنائیں جس سے عوام کو سہولت مل سکے اور شہید کے نام پر بننے والی سڑک کے ساتھ کھلواڑ کلا سلسلہ بھی بند ہو ۔