بھمبر کو منظم سازش کے تحت تختہ مشق بنایا جارہا ہے ‘ بعض مسترد سیاسی بیروزگار بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ مینڈک جوکسی تول میں نہیں خاطر جمع رکھیں انہیں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں

آزاد کشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی بات چیت

اتوار 4 جون 2017 16:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2017ء) آزاد کشمیر حکومت کے سینئر وزیر و سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے بھمبر کو ایک منظم سازش کے تحت تختہ مشق بنایا جارہا ہے ۔ بعض مسترد سیاسی بیروزگار بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کا کردار ادا کررہے ہیں وہ مینڈک جوکسی تول میں نہیں خاطر جمع رکھیں انہیں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کیساتھ تاحال ان کا جعلی نکاح قائم ہے ۔

آزاد کشمیر حکومت عدالیہ سمیت تمام آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے اور ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پابند ہے ۔ آزادکشمیر میں این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتیوں کا عمل اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی روشنی میں شروع کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

این ٹی ایس کا نفاذ میرٹ کی پاسداری کیلئے ہے ۔ محکمہ تعلیم کو ہر طرح کی سیاست سے پاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ این ٹی ایس کے ذریعہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974ء کے تحت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا پاس کیا گیا ہے اور انہیں سرکاری ملازمتوں کیلئے یکساں مواقع مہیا کئے گئے ہیں ۔

اپوزیشن این ٹی ایس کے نفا ذ کیوجہ سے پریشان ہے ۔ یہاں صحافیوں کے ایک گروپ کیساتھ بات چیت کے دوران چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو توقع نہیں تھی کہ حکومت میرٹ کے نفاذ اور انصاف کی فراہمی کیلئے محکمہ جات کے اندر اصلاحات کا عمل شروع کرسکے گی تاہم جب حکومت نے ایسا عملی اقدام اٹھا لیا تو اپوزیشن کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔ اعلیٰ عدالتوں سے شنوائی نہ ہونے کے بعد بعض سیاسی زعماء تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں ۔

نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے اور انہیں خلاف آئین اقدام پر مجبور کیا جارہا ہے جو انہیں کسی صورت نہیں کرنا چاہیے ۔ سابق ادوار میں بھرتی کئے گئے تمام ایڈھاک ، عارضی ، اور کنٹریکٹ ملازمین جو مروجہ طریقہ کار ، قانون اور قواعد کے مطابق بھرتی ہوئے انہیں ریلیف دینے کیلئے کمیٹی قائم ہے جو اس سلسلہ میں ریکارڈ جمع کرکے بہت جلد فیصلہ کرے گی ۔

جو لوگ قانون اور قواعد کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ، پسند ناپسند کے تحت دوسروں کا حق سلب کرکے بھرتی ہوئے انہیں بھی شنوائی دی گئی ہے اور باقاعدہ انہیں سماعت کیا جائیگا۔ این ٹی ایس غیر جانبدار ادارہ ہے ۔ تعلیم یافتہ بچوں اور بچیوںکو این ٹی ایس کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے ۔ پیپلز پارٹی نے ان لوگوں کو سیاسی بنیادوں پر محکمہ تعلیم میں بھرتی کیا تھا توسلیکشن کمیٹی کا اجلاس بلاتے ۔

لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ سابق ادوار میں محکمہ تعلیم کو سیاسی اکھاڑا بنایا گیا ۔ ادارے تباہ کئے گئے اور نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ محکمہ تعلیم کو فقط ایمپلائمنٹ ایکسچینج بنائے رکھا گیا ۔ سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کرکے انہیں آئین اور قانون کے تحت مستقل نہیں کیا گیا ۔ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی گئی ۔ ایڈھاک ، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں بلکہ ماضی کے حکمران ہیں ۔

گزشتہ ادوار کی نااہلیوں کیوجہ سے یہ مسائل گھمبیر ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کنٹریکٹ ، ایڈھاک اور عارضی ملازمین کے مستقبل کا جائزہ لینے کیلئے میری سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے جو کیس ٹو کیس جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سابق حکومتوں کی ناااہلی کی سزا ان ملازمین کو نہیں دی جائیگی ۔

مکمل چھان بین کے بعد انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا۔ ایک سوال پر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ این ٹی ایس کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات کیخلاف بھمبر میں ہونیوالا واقع سیاسی بیروزگاروں اور مسترد عناصر کی جانب سے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے ۔ ایک منظم سازش کے تحت گزشتہ چند ماہ سے بھمبر کو تختہ مشق بنایا جارہا ہے ۔ اس سازش میں وہ مینڈک بھی شامل ہیں جو تاحال کسی تول میں شامل نہیں اور محض بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کا کردار ادا کررہے ہیں ان کا جعلی نکاح ن لیگ کی حکومت سے قائم ہے تو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ وہ خاطر جمع رکھیں۔

متعلقہ عنوان :