کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادی پسند کشمیری رہنمائوں کی گرفتاری اور مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو پابندیوں اور قدغنوں سے دبایا نہیں جاسکتا، سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق

منگل 6 جون 2017 17:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے آزادی پسند رہنمائوںسید علی گیلانی اور میرواعظ عمرفاروق کی گھروں میں مسلسل نظربندی اور محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ ظالمانہ اقدامات اور پابندیاں بلاجواز اور غیر قانونی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے اور جائز آوازوں کو دباکر علاقے میں انتشار پھیلارہی ہے۔ ترجمان نے حریت رہنمائوںمحمد اشرف صحرائی، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، محمد الطاف شاہ، راجہ معراج الدین کلوال ، محمد اشرف لایا اور عمر عادل ڈار کی نظربندی کی بھی مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے علیل حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ،محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وار ،مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ اورانسانی حقوق کارکن محمد احسن انتو نے ایک مشترکہ بیان میں مزاحمتی قیادت کو اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے اورحریت رہنمائوں کو نظربند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری قراردیا۔ رہنمائوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو پابندیوں اور قدغنوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کوشاندارخراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء جموں وکشمیر انصاف پارٹی کے چیئرمین غلام احمد گلزار نے ایک بیان میں اعجاز احمد میر، شیخ بشارت اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کبھی کمزور نہیں کرسکتا جوہزاروں شہداء کی قربانیوں کے محافظ ہیں۔ علی محمد لون اور غلام قادر کشمیری کی قیادت میں پارٹی وفودنے بریتھ کلان اور بومئی سوپور میںشہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریبات میں شرکت کی۔