خطہ جموں تحریک آزادی کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، پیپلز موومنٹ

مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاد کو مضبوط بناکر تحریک آزادی دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں،میر شاہد سلیم

بدھ 7 جون 2017 17:46

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ جموں کا خطہ تحریک آزادی کشمیر کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے جموںمیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جموں کے مسلمانوں کا تحریک آزادی کشمیر سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور وہ جموں وکشمیر کی موجودہ حیثیت سے مطمئن ہیں جو قطعی طور پر غلط ہے۔

انہوںنے کہا کہ جموں خطے کے مسلمانوں کو اس طرح کی باتیں ہرگز تسلیم نہیں۔ انہوںنے کہا کہ جموں کے مسلمان ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں 1947میں ہونے والا تین لاکھ سے زائد اپنے بھائیوں کا قتل عام کیسے فراموش کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

میر شاہد سلیم نے کہا کہ جموں خطے کے تمام علاقوں کے مسلمان مقبوضہ وادی کے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوںنے خطے کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاد کو مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں شہید ہونے والے 12سالہ لڑکے عادل فاروق ماگرے کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔