تلاشی اور محاصرے کی مسلسل کارروائیوں سے اوڑی کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعرات 8 جون 2017 15:47

تلاشی اور محاصرے کی مسلسل کارروائیوں سے اوڑی کے رہائشیوں کو شدید مشکلات ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوںکی طرف سے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں وقتا ًفوقتا ًکی جانیوالی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں نے علاقے کے رہائشیوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی افراد نے سرینگر سے شائع ہونیوالے انگریزی روزنامے کشمیر ریڈر کو بتایا ہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اوڑی میں ایک فوجی کیمپ پر حملے میں بیس بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے فوج مرکزی سڑک کو بند کردیا ہے جو متعد د سرحدی دیہات کو اوڑی قصبے سے ملاتی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

زمبورپٹن گائوں کے رہائشیوںنے بتایا کہ تین جون کو بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فورسز کی کارروائی سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اوڑی میں کنٹرول لائن پر کمن پوسٹ کے قریب واقع گائوںگاولٹا کے رہائشیوں کا کہناتھا کہ گزشتہ ہفتے بھارتی فوجیوںنے تلاشی کی کئی کارروائیاں کیں جس سے علاقے میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔

گاولٹا کے سرپنچ راجہ ندیم عباسی نے کہاکہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے اپنے گھروںمیں محصور ہیں اور پر شب انہیں سرحد کی طرف سے فائرنگ کی آوازیں آتی ہیں اوروہ خود کوانتہائی غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وہ اپنے کھیتوں میں بھی نہیں جاپارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ تلاشی کی مسلسل کارروائیوں کی وجہ سے وہ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔