میرپور بھر میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے باوجود بن خرماں جیسے بڑے اور گنجان آباد علاقے کو نظر انداز کرنا مقامی ایم ایل اے کی طرف سے انتہائی غیر مناسب اقدام ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء اورنگزیب مغل کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 18 جون 2017 15:40

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء اورنگزیب مغل نے کہا ہے کہ شہر بھر میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے باوجود بن خرماں جیسے بڑے اور گنجان آباد علاقے کو نظر انداز کرنا مقامی ایم ایل اے کی طرف سے انتہائی غیر مناسب اقدام ہے ،میاں محمد ٹائون کے عوام نے چوہدری محمد سعید کو تاریخی فتح سے ہمکنار کروانے کیلئے اپنا جاندار کردارادا کیا لیکن چوہدری محمد سعید جب سے ممبر اسمبلی اور وزیر بنیں ہیں ان کی طرف سے میاںمحمد ٹائون کو مسلسل نظر انداز کیاجارہا ہے سوئی گیس کی فراہمی کا وعدہ الیکشنوں سے قبل کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہو سکا ، صاف پانی کی فراہمی میاں محمد ٹائون کا بڑا اور حل طلب مسئلہ ہے جبکہ سب سے اہم بات سڑکوں کی پختگی اور گلی محلوں میں تعمیروترقی کے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اورنگزیب مغل نے مزید کہا کہ میاںمحمد ٹائون میرپور کا سب سے بڑا اور گنجان آباد سیکٹر لیکن یہاںکے رہائشیوں کے مسائل حل کروانے کی بجائے ان میں اضافہ کیاجارہا ہے وزیر حکومت چوہدری محمد سعید نے میاںمحمد ٹائون سے بھاری مینڈیٹ لیکر کامیابی حاصل کی لیکن اس کے بعد سے لیکر آج میاں محمد ٹائون کی طرف رخ نہیںکیا۔

انہوںنے کہا کہ شہر بھر کی گلی محلوں کی سڑکوںکی پختگی کے اقدامات کیے جارہی ہیں لیکن میاں محمد ٹائون کو حکومتی سطح پر مسلسل نظر انداز کر کے میاں محمد ٹائون کے عوام کے حقوق مجروح کیے جارہے ہیں جو ہم کسی بھی صورت برداشت نہیںکرینگے ۔ انہوںنے کہا کہ میاںمحمد ٹائون شہر کا بڑا اور گنجان آباد سیکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ اس سیکٹر کے عوام کے مسائل بھی سب سے زیادہ ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ الیکشنوں سے قبل چوہدری محمد سعید نے میاںمحمد ٹائون کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میاںمحمد ٹائون کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا اور سڑکوںکی پختگی سمیت سوئی گیس کی فراہمی کے حوالہ سے اولین ترجیحات میں اقدامات کیے جائیں گے مگر آج ایک سال گزر جانے کے باوجود میاں محمد ٹائون کی نہ ہی سڑکوں کی پختگی ہو سکی اور نہ ہی سوئی گیس کی فراہمی کے حوالہ سے کوئی قابل ذکر کرداراد اکیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میاںمحمد ٹائون کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت قبول نہیں چوہدری محمد سعید فوری طورپر میاںمحمد ٹائون میں ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے فوری طورپر یہاںکے مسائل کو حل کروائیں ۔