برہان وانی کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر وادی کشمیرمیں سخت پابندیاں عائد

بھارتی فورسز کی اضافی نفری کی تعیناتی کے علاوہ موبائیل اور انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی

جمعہ 7 جولائی 2017 18:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2017ء)مقبوضہ کشمیرمیںمعروف کشمیری نوجوان رہنماء برہان مظفر وانی کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر قابض انتظامیہ نے بھارتی فورسز کو ہائی الرٹ کرنے کے علاوہ فورسز کی اضافی نفری تعینات ،سخت پابندیاں عائد اور موبائیل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ۔ میڈیارپو رٹ کے مطابق فوجیوںنے گزشتہ سال 8جولائی کو ایک جعلی مقابلے میں برہان وانی اور انکے دو ساتھیوں کو شہید کردیاتھا ۔

سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر ہفتہ کو ہڑتال کی کال دی ہے ۔ انتظامیہ نے بھارتی فورسز کو ہائی الرٹ کردیا ہے جبکہ حسا س علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات کرنے کے علاوہ سخت پابندیاں عائد اور سماجی رابطے کی ویب سائیٹوں اور موبائیل اور انٹرنیٹ سرو س کو منقطع کردیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

مظفر وانی کی برسی کے موقع پر کشمیری عوام کو احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے پوری وادی بالخصوص جنوبی کشمیر کی4اضلاع پلوامہ، اسلام آباد ، کولگام اور شوپیان میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا ہے جبکہ ترال میں اکیس ہزار اہلکاروںکی تعیناتی کے علاوہ قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔

سرینگر ، بارہمولہ ، شوپیاں ، خانیار ، رعنا واری ، مہاراج گنج ، صفا کدل اور نوہٹہ میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔وادی بھر میں ہزارں موٹر سائیکلوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ،شبیر احمد شاہ ، محمد اشرف صحرائی ، ظفر اکبربٹ ، مختار وازہ اور دیگر کو احتجاجی مظاہروںکی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اور جیلوں میں نظربند کردیا ہے ۔

ادھربھارتی سیکریٹری داخلہ راجیو مہاریشی نے نئی دلی میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’ کشمیر میں ہم کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہیں جبکہ بھارت نے امرناتھ یاترا کے بیچ 8جولائی کو ممکنہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے بھارتی فورسز کی214اضافی کمپنیاں بھی کشمیر بھجوائی ہیں۔آئی جی کشمیر منیرا حمدخان کی طرف سے جاری حکم نامہ میں انٹرنیٹ فرہم کرنے والی کمپنیوں کو انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کی تمام ویب سائیٹس کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔