محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے سے ملک میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ،

کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشنگوئی موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی ،نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، ترجمان

ہفتہ 8 جولائی 2017 14:38

محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے سے ملک میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2017ء) محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے ملک میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشنگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مون سون ہوائیں اتوار/سوموار سے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو کہ اگلے ہفتے کے وسط سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپٹ میں لیں گی۔

مغربی ہوائوں کا سلسلہ اگلے ہفتے کے وسط سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو گا۔ پنجاب اور کشمیر میں سوموار سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

منگل سے جمعرات کے دوران جنوبی پنجاب ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چندمقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخواور گلگت بلتستان میں منگل سے جمعرات کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چندمقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں جمعہ سے اتوار کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان ژوب،سبی، نصیر آباد اور قلات ڈویژن میں کہیں کہیں میں گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چندمقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق اس دوران موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویڑن، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے ۔ بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن) کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائنڈ نگ کا خدشہ ہے تمام متعلقہ اداروں کو اگلے ہفتے کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :