دورجدید میں معاشی سرگرمیوں اور استحکام کے لیے صنعتی زون کی اہمیت بڑھ گئی ہے‘سیکرٹری صنعت وتجارت

معاشرتی ترقی میں گھریلوصنعتوں کی اہمیت وافادیت کومدنظررکھ کرہی پالیسیاں بناکرموجودہ دور کے چیلنجوں سے نمٹاجاسکتاہے‘راجہامجدپرویز علی خان

جمعہ 14 جولائی 2017 19:28

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2017ء)آزادکشمیرکے سیکرٹری صنعت وتجارت راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاہے کہ دورجدید میں معاشی سرگرمیوں اور استحکام کے لیے صنعتی زون کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ صنعتی زون ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے۔ معاشرتی ترقی میں گھریلوصنعتوں کی اہمیت وافادیت کومدنظررکھ کرہی پالیسیاں بناکرموجودہ دور کے چیلنجوں سے نمٹاجاسکتاہے۔

آزادخطہ سے بے روزگاری کاخاتمہ حکومت آزادکشمیرکی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آزادکشمیرمیں صنعتوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھاناہونگے۔ بیمارصنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے حکومت کوئی کسرباقی اٹھا نہیں رکھے گی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے میرپوراولڈ انڈسٹری زون میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر انڈسٹری سید اصغرعلی شاہ،ایس ای برقیات افضل ضیائی، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبرویلفیئرراجہ غضنفرعلی خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرانڈسٹری سردارسرفراز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھمبرراجہ طارق محمودشاکر ، ایکس ڈپٹی رجسٹرار آف کمپنیز محمدشریف قریشی، صنعتی ترقیاتی آفیسر کوٹلی زاہد قریشی ودیگرنے بھی شرکت کی۔

انھوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان سی پیک راہداری منصوبہ میںآزادکشمیرکے شامل ہونے سے مستفید ہونگے۔ سی پیک راہداری منصوبہ سے خطہ میں معاشی انقلاب آئے گا۔راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاکہ صنعتوں کو کسی ملک کی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ کوئی خطہ انڈسٹری کے بغیرترقی نہیں کرسکتا۔ عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے صنعتی شعبہ اہم رول اداکرتاہے۔