مفاد پرست بے بنیا د پروپیگنڈہ سے باز آجائیں‘ پیر مہر علی بخاری

شرپسندوں بھرپور جواب دیا جائیگا‘نواز شریف اورراجہ فاروق حیدر میرے قائد ہیں

پیر 17 جولائی 2017 15:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء ‘ مخدوم دربار عالیہ میراکلسی شریف پیر سید مہر علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیاسی مفاد پرست عناصر سستی شہرت کیلئے میرے خلاف بے بنیا د پروپیگنڈہ سے باز آجائیں۔ میں مسلم لیگ ن کااول درجے کا کارکن ہوں قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف‘ قائد کشمیر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیگر قائدین کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

میرے نام سے مجھے پی ٹی آئی کا رہنماء ظاہر کرکے مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جو پروپیگنڈہ کیا گیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔ میری سیاسی ساکھ کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو نوٹس بھی بھیجوں گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سیاسی مخالفین کے پروپیگنڈہ پر ردعمل کے دوران انہوں نے صحافیوںکو بتایا کہ وہ اپنی ایک عزیزہ کی وفات کے باعث گزشتہ ایک ہفتہ سے اپنے گائوں میراکلسی گئے ہوئے تھے۔

وہاں پر چونکہ اخبارات نہیں جاتے ‘میری عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ شرپسندوں نے میرے نام سے میری قیادت کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔میں اس پروپیگنڈہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔ میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ ان شرپسندوں بھرپور جواب دیا جائیگا۔ تحقیق کے بعد متعلقین کو لیگل نوٹس بھی بھیجے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ میں نے عین سیاسی اصولوں کے مطابق پی ٹی آئی کو چھوڑا۔ میں مسلم لیگ ن کا سپاہی ہو ں ۔ میاں محمد نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر خان میرے قائدہیں۔ جن سیاسی بونوں نے میرا نام استعمال کرکے یہ اوچھی حرکت کی ہے وہ منہ کی کھائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی پنڈتوں کو پاکستان اور آزاد کشمیر میں میرٹ بحالی‘ گڈگورننس کا قیام اور تعمیروترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔

جس وجہ سے وہ پروپیگنڈہ اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔ سیاسی مخالفت تو جمہوریت کا حسن ہے لیکن اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے کرنیوالے اپنا قد کاٹھ اونچا نہیں بلکہ نیچا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بے بنیاد پروپیگنڈہ اور اوچھی حرکتیں کرنیوالے شرپسند سن لیں کہ میرا سیاسی کریکٹر بے داغ ہے ۔میری قیادت کو بھی اس کا پکا یقین ہے۔ میں اپنی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں اور یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہی پاکستان اور آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کی ہیرو ہیں۔ سیاسی مفادپرست اپنے مذموم مقاصد میںناکام ہونگے۔