لاہور:جمہوریت اور نام نہاد ترقی کی آڑ میں موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار مچا رکھی ہے :غلام محی الدین دیوان

جمعہ 4 اگست 2017 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری و ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ نواز شریف ٹولے کو ہر محاذ پر شکست ہو گی ، سپریم کورٹ آف پاکستان نے شریف خاندان کو گارڈ فادر اور مافیا قرار دیا ہے ، جمہوریت اور نام نہاد ترقی کی آڑ میں موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار مچا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کرپٹ اور بد دیانت ٹولے کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے عوام کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے سے پہلے چور اور ڈکیت حکمران سو بار سوچیں گے وہ گزشتہ روز این اے 119میں پارٹی رہنما حافظ جنید کی طرف سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف فرسودہ نظام کی تبدیلی اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی ،نواز شریف اور شہباز شریف نے کرپشن ، کمیشن ،رشوت اور لوٹ مار کی ملک میں بنیاد رکھی ہے ، جمہوریت کے نام پر شریف خاندان نے اپنی سول آمریت قائم کر رکھی ہے ۔