سیکرٹری سپورٹس آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل نئی ترقیاتی سکیموں کی پری ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

جمعہ 11 اگست 2017 16:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء)آزاد کشمیر کے سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر راجہ محمد عباس خان کی زیر صدارت محکمہ کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی گئی نئی ترقیاتی سکیموں کی پری ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سردار پرویز اختر ، چیف پلاننگ سپورٹس راجہ منظور خان ، ایکسیئن بلڈنگ مظفرآباد ،محکمہ مالیات اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں محکمہ کے چار منصوبہ جات پوزیشن پیپر ریٹروفٹنگ سپورٹس اسٹیڈیم مظفرآباد ایڈیشنل پیکج فار سپورٹس سٹیڈیم بھمبر، باغ، کھوئی رٹہ، مظفرآباد سپورٹس کمپلیکس جلال آباد، سپورٹس اسٹیڈیم سدھنوتی کے PC-1زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ محکمہ سپورٹس آزاد کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر ے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیاں میسر آ سکیں اور وہ غلط کاموں کی جانب راغب نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندر کے زیر اہتمام رائزنگ سٹار سپورٹس ٹورنامنٹ کے انتظامات میں تیزی لائی جائے ۔ لاہور قلندر کی جانب سے مظفرآباد میں منعقدہ ایونٹ سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو پاکستان ٹیم اور پی ایس ایل میں کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بقیہ نئی سکیموں کے PC-1فوری طور پر مرتب کرتے ہوئے پیش کریں تاکہ 2017-18کی ADPمیں ان کو شامل کیا جاسکے ۔