سیاحتی راہداری کا سروے مکمل ہو چکا ،جلد کام شروع جائیگا، سردار مسعود خان

سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت نے جو سرگرمی راولاکوٹ میں منعقد کی ایسا ایونٹ ہر سال منعقد کیا جانا چاہیے ، سیاحت آزادکشمیرمیں ایک صنعت کا درجہ حاصل کر سکتی ہے ،حکومت اور نجی سیکٹر کو مل کر اقدامات کرنے ہونگے، آزادکشمیرمیں جلد معاشی انقلاب آنے والا ہے، صدر آزاد کشمیر

پیر 14 اگست 2017 19:26

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سیاحتی راہداری کا سروے مکمل ہو چکا ہے جلد کام شروع جائیگا، سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت نے جو سرگرمی راولاکوٹ میں منعقد کی ہے ایسا ایونٹ ہر سال منعقد کیا جانا چاہیے ، سیاحت آزادکشمیرمیں ایک صنعت کا درجہ حاصل کر سکتی ہے اس کیلئے حکومت اور نجی سیکٹر کو مل کر اقدامات کرنے ہونگے، سیاحت کو تینوں ڈویژنز میں فروغ دیا جانا اشد ضروری ہے، آزادکشمیرمیں جلد معاشی انقلاب آنے والا ہے، آزادکشمیر کے معاشی استحکام سے جہاں اس خطے کی تعمیر وترقی ہو گی وہاں پاکستان کی معیشت کو بھی سہارا دیا جائیگا، نیلم، جہلم اور پونچھ سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو سہولیات ملنی چاہئیں، سیاحت کے فروغ میں نجی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے، آزادکشمیر میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، توانائی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں دو گنا اضافہ یہاںں کی سڑکوں کی تعمیر سمیت صحت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں فروغ کا موجب بنے گا، حکومت پاکستان آزادکشمیر کی ترقی کیلئے دلچسپی لے رہی ہے، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس سلسلے میں جامع حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں، آزادکشمیر کو جلد معاشی اور اقتصادی لحاظ سے خود کفیل بنا دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وہ یہاں پونچھ ٹورازم گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس تقریب کا انعقاد محکمہ سیاحت اورڈویژنل انتظامیہ کے اشتراک سے کیا گیا تھا، تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈی جی سیاحت سردار جاوید ایوب نے انجام دیئے، تقریب کا آغاز حافظہ خولہ شاہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا، ارسلان پرویز نے نعت رسول مقبول پیش کی، علی خان نے ملی نغمہ پیش کیا جبکہ پرل اسلامک سکول کی بچیوں اور مڈل سکول دریڑھ کی بچی نے بھی ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں، جبکہ اس تقریب میں پاکستان سے آنیوالے فنکاروں حمزہ، شجاع اور رضوانہ نے ملی نغمے اورکامیڈی پیش کرتے ہوئے حاضرین مجلس کو محضوظ کیا، صدر آزادکشمیر نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ یوم آزادی پاکستان کے سلسلہ میں کیک بھی کاٹا، تقریب سے صدر آزادکشمیر کے علاوہ سیکرٹری سیاحت، اطلاعات و آئی ٹی منصور قادر ڈار، کمشنر پونچھ ڈویژن عطاء اللہ عطاء اوردیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز، سابق وزیر اطلاعات عابد حسین عابد سمیت ڈویژنل انتظامی افسران کے علاوہ سیکڑوں کی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی، قبل ازیں کمشنر پونچھ ڈویژن کے آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جبکہ پیرا گلائیڈرز اور موٹر گلائیڈرز نے بھی پروازوں کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، صدر آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سیاح یہاں کشمیر میں بلند و بالا پہاڑوں، سبزہ زاروں، مرغزاروں و دریائوں کے حسن کا لطف تو اٹھاتے ہیں لیکن سیاحوں کو اس طرف راغب کرنے کیلئے ہمیں ٹورسٹ سپاٹس ، تھیم پارک اور بچوں اور بڑوں کی دلچسپی پر مبنی سہولیات دی جانی چاہئیں، جس طرح بامقصد سیاحت کا اہتمام آج کیا گیا ہے اسی طرح کے اقدامات تواتر کیساتھ کیا جانا چاہیے تاکہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ اس علاقے کی جانب آنے پر مجبور کیا جائے اور سیاحت کو ایک باضابطہ صنعت کا درجہ دیا جا سکے۔

تقریب کے آخر میں صدر آزادکشمیرنے گرلز مڈل سکول دریڑھ دھمنی کی تیسری جماعت کی بچی کی طرف سے خوبصورت تقریر کرنے پر اسے داد دی اور مڈل سکول دریڑھ دھمنی کی عمارت کی تعمیر کیلئے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔