اگست کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے ملک میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے‘ صوبائی وزیر ملک احمد یار ہنجرا

پیر 14 اگست 2017 21:38

مظفرگڑھ ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) صوبائی وزیرِ جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ 14 اگست تجدید عہد کا دن ہے،آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے ملک میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے،اصولوں اور ضابطوں کی پاسداری کرکے ہم ہر قسم کی آزمائشوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر تمام اسیران جیل یہ عہد کریں کہ وہ اپنی کوتاہیوں کا ازالہ کرکے ملک کے مفید شہری بنیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل مظفرگڑھ میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اسیران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سپریٹنڈنٹ جیل اطہر جان ڈار, ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر مظفرگڑھ محمد شہزاد،ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل اور دیگر حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ جیل میں پرچم کشائی کی،جیل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے اسیران میں مٹھائی تقسیم کی ۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر قیادت صوبے کے تمام طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ 9 سالو ں کے دوران قیدیوں کی صحت اور بہتری کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں تاکہ قیدی یہاں سے رہا ہونے کے بعد ملک و معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔