ضلع مظفرگڑھ میں بھی یوم آزادی بھرپور جذبے اور جوش و خروش سے منایا گیا

پیر 14 اگست 2017 21:38

مظفرگڑھ ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء)ملک بھر کی طرح ضلع مظفرگڑھ میں بھی یوم آزادی بھرپور جذبے اور جوش و خروش سے منایا گیا۔ ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی اداروں،سکولوں،سرکاری دفاتر اور بلدیاتی اداروں میونسپل کمیٹیوں اور تحصیلوں میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ مظفرگڑھ شہر میں یوم آزادی کی مرکزی اور بڑی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد،مقامی اراکین اسمبلی، طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، تاجروں، سول سوسائٹی، علماء، فنون لطیفہ کی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ،چیئرمین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ،ڈی پی او اویس احمد ملک،ممبران اسمبلی ملک احمد کریم قسور لنگڑیال،حماد نواز خان ٹیپو،میاں عمران قریشی اور چئیرمین بلدیہ اکرم خان چانڈیہ نے پرچم کشائی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اقبال خان بزدار،وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک عابد محمود بھابھہ،مسلم لیگی رہنما ملک ارشد گدارہ،تنویر شہزاد ببلو،چیئرمین علماء کمیٹی مولانا عبدالمعبود آزاد،ممبر امن کمیٹی مولانا عبدالغنی ثاقب،چیئرمین یونین کونسلز اے بی مجاہد،ملک سعید احمد کھاکھی،سردار اختر خان گوپانگ، سید جمیل شاہ بخاری،سی ای او تعلیم شمشیر احمد خان اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیف انور،چیئرمین ڈسٹرکٹ کو نسل سردار عمر خان گوپانگ اور ممبر صوبائی اسمبلی حماد نواز ٹیپو نے خطاب کیا۔