ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

مختلف محکمہ جات کی2ارب65کروڑ39لاکھ 41ہزار روپے کے 20منصوبہ جات کی منظوری دیدی گئی

جمعرات 17 اگست 2017 20:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) آزاد جموں وکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس جمعرات کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کی2ارب65کروڑ39لاکھ 41ہزار روپے کے 20منصوبہ جات کی منظوری دیدی گئی۔ منظور کردہ منصوبہ جات میں محکمہ زراعت کا ایک منصوبہ’’ تجویز برائے توسیع معیاد منصوبہ جات محکمہ زراعت‘‘،محکمہ صنعت کا ایک منصوبہ’’ سمال اور کاٹج انڈسٹری کریڈٹ اسٹنس کی معیاد میں توسیع‘‘ ،صحت عامہ کا ایک منصوبہ’’ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ایمر جنسی سروس کی دووائیوں کی فراہمی‘‘ ، انفارمیشن اینڈ میڈیا ڈویلپمنٹ کا ایک منصوبہ’’ استحکام محکمہ اطلاعات فیزII ‘‘، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 5منصوبہ جات ’’آزاد کشمیر میں شہریوں کیلئے ای فسیلیٹیشن اینڈ ڈیجیٹل سروس سینٹر کی تعمیر‘‘،’’پریزنس/ویڈیو پریزنس اور ویڈیو کانفرنس سسٹم کی تنصیب‘‘،’’آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ اضلاع کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب کا قیام فیز II،’’آزاد جموں وکشمیر ویب پورٹل فیز II،محکمہ برقیات کے 5منصوبہ جات ’’بہترگی پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مظفرآباد ، میرپور ،کوٹلی ، راولاکوٹ‘‘،’’ وزیر اعظم کا کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام الیکٹرسٹی کمپونٹس‘‘،محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ کے دو منصوبہ جات’’ڈسٹرکٹ مظفرآباد میں 3 اورجہلم ویلی میں ایک پولیس سٹیشن کی تعمیر‘‘ ،’’ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹربھمبر اور برنالہ میں رہائشی سہولیات کی تعمیر‘‘،’’محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کا ایک منصوبہ ’’تعمیرعمارت دفتر نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی مظفرآباد‘‘،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے دو منصوبے ’’سٹیٹ پراپرٹی آنر شپ سیل کا قیام‘‘ اور ’’آزاد جموں وکشمیر رورل سپورٹ پروگرام کی سرگرمیوں کی معاونت ‘‘کے دو منصوبہ جات شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میںسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیا ض علی عباسی، سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی منصور قادر ڈار، سیکرٹری فشریز و جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ خواجہ احسن، سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہلا وقار، سیکرٹری تعمیرات عامہ ڈاکٹر طارق محمود ، سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالد حسین اسد، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ڈاکٹر محمود الحسن راجہ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ملک اسرار، سیکرٹری برقیات عابد اعوان، چیف ایگزیکٹو آفیسر اے جے آر ایس پی ملک صادق ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میںمنظوری کیلئے کل 21منصوبہ جات پیش کیے گئے تھے جن میں سے 11منصوبہ جات کی منظور ی دیدی گئی جبکہ 9 منصوبہ جات کابینہ ترقیاتی کمیٹی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ محکمہ صحت عامہ کا ایک منصوبہ مسترد کر دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں ترقیاتی بجٹ میں کمی کے باعث ترقیاتی عمل مسلسل سست روی کا شکا ر رہا لیکن اس سال وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی بجٹ میں دوگنا اضافہ کے بعد آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل میں بہتری آئے گی۔

ماضی میں ترقیاتی بجٹ میں کمی کے باعث ترقیاتی منصوبہ جات کی کوالٹی پر اثر پڑا لیکن اب منصوبہ جات کی کوالٹی کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے اپنے محکمہ سے متعلقہ منصوبہ جات پر تیزی سے کام کی رفتار کو آگے بڑھائیں اور کوالٹی کو بہتر بنائیں ۔ انہوںنے کہا کہ سیکرٹریز اپنے اپنے سیکٹر کی ADPمیں ایلوکیشن سے زیادہ کے پروجیکٹ نہ بھیجیں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ PC-1ایلوکیشن کے مطابق ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے تا کہ ترقیاتی عمل میں بہتری آئے اور منصوبہ جات جلد مکمل ہوں جن کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔

متعلقہ عنوان :