دختران ملت کی آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت

ہائیکورٹ کے رہائی کے احکامات کے باوجود دونوں رہنمائوںکی مسلسل غیر قانونی نظربندی بلاجواز ہے ، ناہیدہ نسرین

بدھ 6 ستمبر 2017 23:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی کی جموںکی امپھالہ جیل میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جیل میں ان کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کے اہلخانہ نے پیر کو جیل میں ان سے ملاقات کی تو معلوم ہوا کہ مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔

ناہیدہ نسرین نے کہاکہ پانچ دن قبل جب آسیہ انداربی اور فہمیدہ صوفی کو کشمیر سے دوبارہ جموںکی جیل منتقل کیاگیا تھا تو وہ شدید علیل تھیں۔ طویل سفر اور جیل میں فراہم کی جانیوالی ناقص خوراک کی وجہ سے انکی صحت مزید گرگئی ہے اور انکی حالت تشویش ناک ہے ۔ ناہیدہ نسرین نے کہاکہ ہائی کورٹ کے رہائی کے احکامات کے باوجود دونوں رہنمائوںکی مسلسل غیر قانونی نظربندی بلاجواز ہے ۔