این آئی اے تہاڑجیل کے دروازے کھلے رکھے، ہم آرہے ہیں، مشترکہ حریت قیادت

این آئی اے کشمیریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے، کشمیری عوام نے تحریک دشمن حریت مخالف پالیسیوں کو مسترد کردیا ہے،خطاب

بدھ 6 ستمبر 2017 23:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء)مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک مقبوضہ علاقے میں ہفتہ کو نئی دلی جائیں گے اور بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف این آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں گرفتاریاں پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے بدھ کو جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ این آئی اے کشمیریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے اور کشمیری عوام نے اس کی تحریک دشمن و حریت مخالف پالیسیوں کو مسترد کردیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ این آئی اے کی ان تمام انتقامی کارروائیوں کا مقصد کشمیری حریت قیادت اورحق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی اس موقع پر خود موجود تھے جبکہ سیدعلی گیلانی نے پریس کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کیا ۔ حریت رہنمائوںنے پریس کانفرنس کے اختتام پر احتجاجی دھرنا بھی دیا ۔ انہوںنے بھارتی حکومت سے کہاکہ ’’وہ تہاڑ جیل کے دروازے کھلے رکھے ہم آرہے ہیں‘‘۔ اس موقع پر ہلا ل احمد وار اور تحریک حریت کے رہنماء بھی موجود تھے۔